واشنگٹن(نیوزڈیسک)پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے سوات سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے کیلی فورنیا میں ایس اے ٹی کے ٹیسٹ میں 2400 میں سے 2400 نمبر حاصل کرکے امریکی تاریخ کا 150 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔پاکستانی طالب علم ولید خان کا تعلق سوات کے علاقے ابوہا سے ہے۔ ان کے والد گوہر رضا ڈاکٹر ہیں اور وہ اپنے بیٹے کو بھی ڈاکٹر ہی بنانا چاہتے ہیں۔امریکہ میں نصابی اور تعلیمی رجحانات کی جانچ کالجوں میں داخلے کے لئے کی جاتی ہے، تاکہ طلباءکی صلاحیتوں کا صحیح اندازہ لگایا جاسکے۔ اسے عرف عام میں ایس اے ٹی کہا جاتا ہے۔ اسی ٹیسٹ میں حاصل نمبروں کی بنیاد پر ملک کی بہترین یونیورسٹیز طلباءکا انتخاب کرتی ہیں۔نتائج کے مطابق ولید خان نے ایس اے ٹی کے کل 2400 میں سے 2400 نمبر لئے ہیں، جو ایک ریکارڈ ہے۔ولید خان کا کہنا ہے کہ میں اپنا یہ اعزاز پاکستان کے عوام اور دہشت گردی کے دوران شہید ہونے والے تمام افراد کے نام کرتا ہوں۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے بعد اچھی پوزیشن حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ ولید خان بھی اپنے والد کی طرح ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں ، ان کی خواہش ہے کہ ایس اے ٹی کے بہترین نمبروں کی مدد سے وہ بہترین یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرسکیں، ان کا کہنا ہے کہ تمام آئی وی لیگ یونیورسٹیز نے انھیں داخلے کی پیشکش کردی ہے تاہم انھوں نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔انہوں نے اپنی کامیابی کو مشق اور صرف مشق کا نتیجہ قرار دیا ہے۔پاکستانی طالب علم کے ایس اے ٹی میں ریکارڈ کو امریکی میڈیا نے بھرپور کوریج دی اور بتایا کہ ایک پاکستانی طالب علم نے کس طرح ایک ریکارڈ قائم کیا۔ایس اے ٹی ٹیسٹ کی ویب سائٹ پر ولید کا نام، نمبر اور ریکارڈ تحریر ہے۔امن کا نوبل انعام حاصل کرنےوالی ملالہ یوسف زئی نے، جن کا تعلق بھی پاکستان کے علاقے سوات سے ہے، ولید کی شاندار کامیابی کو سراہا ہے۔