لاہور(نیوزڈیسک) مسلم لیگ (ن) لاہور کے نصیر آباد آفس میں این اے 118 کی یونین کونسلوں کے امیدواروں سے جب ڈاکٹر اسد اشرف، یاسین سوہل اور کرنل (ر) مبشر پر مشتمل پینل نے یہ پوچھا کہ نماز جنازہ یا دعائے قنوت سنائیں تو سارے امیدواروں کو چپ لگ گئی اور کوئی بھی دعائیں نہ سنا سکا۔ امیدواروں سے جنرل کونسلر کے سپیلنگ پوچھے گئے تو صرف ایک امیدوار نے سپیلنگ (konslar) بتانے کی جرات کی۔ یوتھ کونسلر کے امیدواروں سے یوتھ کے سپیلنگ پوچھے گئے تو بھی کوئی جواب نہ دے سکا۔ بلدیاتی امیدواروں سے پوچھا گیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کون تھے تو امیدواروں کا کہنا تھا کہ پاکستان قائداعظم کا احسان ہے۔ وہ ایک اچھے اور سیدھے سادے انسان تھے۔ قائداعظم زندہ باد وہ ہمارے لیڈر تھے۔ اس موقع پر انٹرویو پینل میں شریک کرنل (ر) مبشر سے جب ایک صحافی نے یہ پوچھا کہ کیا آپ کو نماز جنازہ آتی ہے تو انہوں نے بڑے اعتماد سے جواب دیا کہ میں اپنے بچوں کو یہ دعا پڑھا رہا ہوں فی الحال آپ کو نہیں سنا سکتا۔