لاہور( این این آئی)تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے اندرونی سیاست کے باعث پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ، چوہدری سرور نے اس حوالے سے اپنے قریبی دوستوں سے صلاح مشورے بھی کئے ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ چوہدری سرور تحریک انصاف کی اندرونی سیاست سے مطمئن نہیں اور انہوںنے اس حوالے سے پارٹی کی اعلی قیادت سے بھی رابطہ کر کے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیاہے۔واضح رہے کہ 2 اگست 2013 کو گورنر پنجاب کے منصب پر فائز ہونے والے چوہدری محمد سرور نے عہدے سے استعفے کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔ چوہدری سرور کے ترجمان نے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر کہا کہ یہ خبر سو فیصد جھوٹ اور بے بنیاد ہے ۔ چوہدری سرور نے تو پی ٹی آئی پنجا ب کی صدارت کےلئے انتخاب لڑنے کا اعلان کر کے اس کی مہم بھی شروع کردی ہے اور ایسے موقع پر اس طرح کی خبریں سازش ہیں۔