کراچی (این این آئی)دنیا کی تاریخ میں پہلا واقعہ،کراچی میں خطرناک ترین چیز پکڑی گئی،پاکستان بڑی تباہی سے بچ گیا،برآمد ہونے والا کیمیکل بم بنانے اور ہیروئن بنانے کے لئے استعمال کیاجاتاہے،پاکستان کسٹم پریونٹیو نے این ایل سی یارڈ پر کارروائی کرتے ہوئے دھماکہ خیز مواد اور ہیروئن کی افزودگی میں استعمال ہونے والے کیمیکل کو تحویل میں لے لیا ہے ۔کیمیکل کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے ۔دنیا میں اس کیمیکل کی پہلی مرتبہ اتنی بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے ۔یہ بات چیف کلیکٹر آف کسٹم طارق ہدیٰ نے گھاس بندر کی بندرگاہ پر منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے کہا کہ پورٹ کنٹرول یونٹ اور ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پرونیٹو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے این ایل سی یارڈ سے 20فٹ کنٹینر میں 21.7میٹرک ٹن ممنوعہ ایسیٹک این ہائیڈرائیڈ کیمیکل تحویل میں لے لیا ہے ۔کنسائنمنٹ گزشتہ دنوں تنزانیہ دارالسلام سے پورٹ محمد بن قاسم پر مس ڈیکلیئریشن کرتے ہوئے ایسیٹک ایسڈ گلیشئل کے نام سے درآمد کیا گیا اور اسے سیالکوٹ ڈائی پورٹ منتقل کرنے کے لیے این ایل سی کراچی کے یارڈ تک پہنچایا گیا جہاں یوا ین او ڈی سی اور ڈبلیو سی او کے اشتراک سے کارروائی کرتے ہوئے کیمیکل کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا ۔ایسیٹک این ہائیڈرائیڈ ہیروئن بنانے کے کام آتا ہے جبکہ بم بنانے کی 14اشیاءمیں یہ کیمیکل سرفہرست ہے ۔