اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ اجمل قصاب کے گھر کا پتہ نواز شریف نے بھارت کو دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو جس سٹریچر پر شہید ہوئیں اس کا ایک پہیہ ہی نہیں تھا۔ یہ انکشافات انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کئے۔ آصف زرداری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرداری نے پارٹی پر قبضہ کرنے اور صدر بننے کیلئے میرج اوریئنٹد ویپر کا استعمال کیا،بالکل ایسے ہی جیسے نوسرباز شادیاں کرتے ہیں،کسی کی کار،کسی کا گھر دکھا کر۔ ان کا کہنا تھا ان لوگوں کا کام بس پیسہ جمع کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک بار زرداری کے ساتھ کھانا کھایا اور انہیں کہا کہ بے نظیر جس سٹریچر پر شہید ہوئیں اس کا ایک پہیہ ہی نہیں تھا، شہید بینظیر بھٹو ہسپتال کی یہ حالت ہے آپ اسے کم از کم 50کروڑ عطیہ کردیں لیکن زرداری نے دس روپے بھی نہیں دیے۔نواز شریف کے بارے میں گفتگو کرتے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تاجر کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث اجمل قصاب کے گھر کا پتہ نواز شریف نے ہی بھارت کو دیا تھا اور جب نواز شریف پر برا وقت آیا تھا تو نواز شریف کے بیٹے نے بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سے ہی رابطہ کیا تھا۔