لاہور(نیوزڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان دن رات دھاندلی کا رونا روتے رہتے ہیں اور اب تو ایسا لگتا ہے کہ انہوںنے دھاندلی کو ہی اپنا منشور بنا لیا ہے ،حلقے کےلئے ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز منظور کرا لئے ہیں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پہلی ترجیح ہے ،بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو عوام کی خدمت کا ووٹ ملا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 148کی یونین کونسل 82میں کارکنوں سے اظہار تشکر کےلئے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ عوام کی تقدیر بدل دے گا ۔عوامی فلاح و بہبود کے دیگر کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں ، جب آئندہ عام انتخابات میں عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خرو ہوں گے۔ انہوںنے پی ٹی آئی کی طرف سے 11اکتوبر کے ضمنی انتخاب کو دوبارہ چیلنج کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان صبح اٹھتے ہیں تو دھاندلی کا ورد کرتے ہیں ، رات کو سوتے ہیں ان کی زبان پر یہی ورد ہوتا ہے بلکہ اب تو ایسا لگتا ہے کہ انہوںنے دھاندلی کو ہی اپنا منشور بنا لیا ہے ۔ عمران خان بیشک دن رات دھاندلی کا رونا روتے رہیں ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنے والا ۔اب درخواست کا فیصلہ الیکشن کمیشن ہی کرے گا ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن ہمار اسرمایہ ہیں انشا اللہ انہیں ہر سطح پر عزت دیں گے۔ حلقے کے لئے ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز منظورا کر الئے ہیں اور میری سب سے پہلی ترجیح پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہے ۔