پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلی خیبرپختونخوانے ”جہاد“کااعلان کردیا۔خیبرپختونخواوزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس امر پر زور دیا ہے کہ حکومت اور سول سوسائٹی اداروں کو ملکر منشیات کے استعمال کے خلاف جہاد کرنا ہو گا کیونکہ منشیات کا استعمال جرائم ، دہشت گردی ، پرتشدد رویوں اور ایڈز جیسی لعنتوں سے معاشرے کو تباہ کر سکتا ہے انہوں نے اس حقیقت پر گہرے دُکھ اور تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں منشیات کی لعنت اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل گھمبیر ہوتے جارہے ہیں اور صرف خیبرپختونخوا میں گیارہ فیصد افراد منشیات کے استعمال کی لعنت میں مبتلا ہیں ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پشاور کے قریب شاہی بالا میں دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن کی جانب سے منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کیلئے ” سکون کور” کے نام سے تعمیر کئے گئے دو بحالی مراکز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن کے پیٹرن ان چیف اور سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد اعظم خان اور فاﺅنڈیشن کی صدر ڈاکٹر پروین اعظم خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور فاﺅنڈیشن کے اغراض و مقاصد ، سرگرمیاں، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے ان کامیابیوں میں مدد دینے کیلئے خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت کو خراج تحسین پیش کیا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں یقین دلایا کہ بعض ترقیافتہ ممالک کی طرح خیبرپختونخوا حکومت بھی انسانیت کی فلاح کے منصوبوں کیلئے دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن جیسے غیر سرکاری اداروں کی مالی معاونت کرنے کیلئے تیار ہے انہوں نے فاﺅنڈیشن کی سرگرمیوں اور کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ تنظیم منشیات کی طلب میں کمی ، منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور تربیت اور خواتین اور بچوں کو منشیات سے دور رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے انہوں نے بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے پشاور کی سڑکوں پر موجود منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کی ہدایات جاری کی تھیںاور اسطرح کے بے شمار افراد کو بحالی کیلئے دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن کے مراکز میں داخل کرایا تھا جو اب منشیات کی عادت ترک کرکے معاشرے کے دوبارہ مفید شہری بننے کیلئے بحالی اور تربیت کے مراحل سے گزر رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سٹریٹ چلڈرن کی تعلیم، صحت ،رہائش اور تربیت کیلئے حال ہی میں ناساپہ فلیٹس میں ” زمونگ کور” کے نام سے ایک چلڈرن ہوم بھی قائم کیا ہے اس سے قبل وزیراعلیٰ نے فاﺅنڈیشن کی نو تعمیر کر دہ عمارات کا افتتاح اور مختلف حصے دیکھے ۔