لاہور(نیوزڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی نے درآمدی اشیاءپر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کیخلاف ایوان وزیر اعلیٰ تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا ،پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی قیادت میں نکالے جانے والی ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر نئے ٹیکسز کے خلاف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت نئے ٹیکسز لگا کر عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ۔ بجٹ کا خسارہ پورا کرنے کے لئے حکمران اپنے ٹھاٹ باٹ ختم کرےں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی منشور میں کشکول توڑنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن اب اس کا سائز مزید بڑا کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف وزیر اعلیٰ ہاﺅس کا روزانہ کا خرچ 13لاکھ روپے ہے جبکہ دوسری طرف غریب کو ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدارمیں آکر اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے جس میں اس معاملے پر بحث کی جائے ۔احتجاجی ریلی اور دھرنے میں پی ٹی آئی کے صرف سات اراکین شریک ہوئے ۔