پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خیبرپختونخوا محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ویب ٹی وی ” بدلون” کا افتتاح کردیاہے سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اﷲ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امجد علی خان، سیکرٹری اطلاعات عابد مجید اور میڈیا کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بٹن دبا کر صوبائی حکومت کے ” بدلون” ٹی وی کی نشریات کا آغاز کیا جو انٹر نیٹ پر 24 گھنٹے دیکھا جاسکے گا سیکرٹری اطلاعات عابد مجید نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ” بدلون” ٹی وی پر تازہ ترین خبروں کے علاوہ حالات حاضرہ، مذہبی، تفریحی ، سپورٹس ، ثقافت و سیاحت کے پروگرام اور اہم شخصیات کے انٹرویوز وغیرہ پیش کئے جائیں گے اُنہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی اہم شخصیات سے انٹرویو ناظرین کے سوالوں کی روشنی میں لئے جائیں گے اور یہ سوال ” بدلون” ٹی وی کے ذریعے وزیراعلیٰ سے بھی کئے جاسکیں گے اُنہوں نے بتایا کہ ٹی وی کیلئے ایک جدید سٹوڈیو بھی قائم کیا جارہا ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے محکمہ اطلاعات میں ٹی وی کے قیام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ٹی وی صوبائی حکومت اور عوام کے درمیان موثر رابطے کاکام انجام دے گا۔