اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے کہا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر ایف بی آر اور کاروباری طبقے کے مذاکرات بدھ سے دوبارہ شروع ہونگے اورباہمی مشاورت سے ودہولڈنگ ٹیکس کا ایشو وسط دسمبر تک طے ہو جائے گا۔ وہ پیر کو اپنے چیمبر میں مقامی اخبار کے نمائندے سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ارب روپے کی ٹیکس تجاویز کی تیاری میں ایف بی آر کی مصروفیت کی وجہ سے کئی روز سے ودہولڈنگ ٹیکس مذاکرات جاری نہیں رکھے جاسکے جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق اب چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات نجکاری سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان کی رہنمائی میں نہ صرف ودہولڈنگ ٹیکس مذاکرات کامیاب ہونگے بلکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 دسمبر 2015 تک توسیع کے نتیجے میں 31 دسمبر 2015 تک دس لاکھ سے بھی زیادہ ٹیکس گوشوارے جمع ہو جائیں گے جو کہ جون 2013 میں صرف سات لاکھ دس ہزار تھے۔