اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے غیر مبہم الفاظ میں اپوزیشن کے الزامات کاترکی بہ ترکی جواب دے ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والوں کا یہ دعویٰ غلط من گھڑت بے بنیاد ہے کہ پاکستان میں ہر نیا پیدا ہونیوالا بچہ جو پہلے35 ہزار روپے کا مقروض ہوتا تھا اب ایک لاکھ روپے کا مقروض پیدا ہوتا ہے۔جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق انہوں نے ایک دوسرے سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ نوازشریف حکومت پر یہ الزام بے بنیاد ہے کہ پاکستان نے چین سے 46 ارب ڈالر کا قرضہ لیا ہے درحقیقت یہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری کے پروجیکٹوں کی مجموعی مالیت ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کا قرضہ لیا۔ ہم کو آئی ایم ایف نے اب تک اگر4.6 ارب ڈالر دیئے ہیں تو نواز حکومت نے سابقہ حکومتوں کی طرف سے آئی ایم ایف سے لئے گئے قرضے کے4.4 ارب ڈالر واپس بھی کئے ہیں۔