لاہور(نیوزڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نندی پور منصوبہ حکمرانوں کیلئے گلے کی ہڈی ثابت ہوگا ،اپنی غلطی اور کوتاہی کو تسلیم کرنا بڑا پن ہوتا ہے لیکن حکمران اس کی اخلاقی جرات ہی نہیں رکھتے ، میرٹ اور قوانین کی پاسداری کا ڈھنڈورا پیٹنے والے (ن) لیگ والوںکی ”شفاف کرپشن “ضرور سامنے آئے گی اور پیپلز پارٹی کے تمام ریکارڈ بھی ٹوٹتے ہوئے نظر آئیں گے ،حکومت کے دفاع میں بڑھکنے لگانے والے صرف اپنی نوکری پکی کرنے کیلئے یہ ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ ایک انٹر ویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج یہ حال ہے کہ غریب کو دو وقت کیا ایک وقت کی بھی روٹی میسر نہیں لیکن وزیر خزانہ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کے حوالے سے مثبت اشاریے دے رہے ہیں ۔ آپ نے جن لوگوں سے بھاری سود پرقرضے لئے ہیں وہ کیوں نہ آپ کی جے جے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تاریخ کی واحد حکومت ہے جو پہلے قرضے اتارنے کے لئے بھاری سود پر نئے قرضے لے رہی ہے اور اسے اپنی کامیابی سے تعبیر کیا جارہا ہے ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک انصاف اورپیپلز پارٹی کی مل کر اپوزیشن کرنے بارے اطلاعات میری سمجھ سے باہر ہیں ۔کیا پیپلز پارٹی سے اس کی توقع کی جا سکتی ہے ؟ ۔