اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ن لیگ کی حکومت میں غیر ملکی قرضوں کا حجم آسمان پر پہنچ گیا، پی پی حکومت نے جتنے قرضے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں نہیں لیے لیگی حکومت نے اپنے ڈھائی سالہ دور میں اس سے زیادہ قرضے لے کر ریکارڈ قائم کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق رواں مالی سال میں اب تک 13کھرب روپے قرضوں کی واپسی پرسود کی مد میں خرچ کیے جاچکے ہیں جو کہ ملکی بجٹ کا ایک تہائی بنتا ہے۔ 2008 میں غیر ملکی قرضے 40 ارب ڈالر تھے جو کہ بڑھ کر 80 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جن میں سے ن لیگی حکومت نے اپنے ڈھائی سالہ دور اقتدار میں 18 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے ہیں جن میں سے آئی ایم ایف سے 4 ارب 77 کروڑ ڈالرکے قرضے حاصل کیے جبکہ3 ارب 50 کروڑ ڈالرز کے بانڈز بھی جاری کیے گئے اس کے علاوہ حکومت نے 9 ارب 75 کروڑ ڈالرز کے قرضوں کی تفصیلات تاحال نہیں بتائیں۔ علاوہ ازیں مقامی قرضوں کا حجم 18 ہزار ارب روپے ہوچکا ہے۔