اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مسلم لیگ (ن) کے اہم سرکردہ راہنماء ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی پر سندھ میں ہونے والے قاتلانہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق کو ریفر کردیا ہے،اس حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرپرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب میں آگاہ کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کاقاتلانہ حملے کی ویڈیوکلپ ملاحظہ کرکے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ بلدیاتی انتخابات میں جب ایک ایم این اے پر دن دہاڑے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں حملہ کیا جاتا ہے اور ایف آئی آر حملے کے دو دن بعد درج کی جاتی ہے تو عام آدمی کی جان و مال کی سیکورٹی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے، ویڈیو کلپ میں حملہ آوروں کی تصاویر کے ہوتے ہوئے بھی بجائے گرفتاری کے حملہ آوروں کو دندناتے ہوئے پھرنے دینا صوبائی حکومت کی ناکامی ہے۔ڈاکٹر رمیش ونکوانی ، جو پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں نے صحافیوں سے گفتگو میں مزید بتایا کہ اسپیکر ایاز صادق نے یہ افسوسناک واقعہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق کو ریفر کردیاہے اوراس حوالے سے کمیٹی کے چیئرمین اسدالرحمن رمدے نے 2دسمبرکوچیف سیکرٹری سندھ، آئی جی، ایس پی، ڈی ایس پی، اے سی، ڈی سی، ایس ایچ او سمیت متعلقہ افسران کو کمیٹی کے روبروپارلیمنٹ ہاؤس طلب کرلیا ہے۔ ڈاکٹر رمیش نے قاتلانہ حملے کا ذمہ دار سندھ حکومت کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیا کرام کی دھرتی ہے، امن و محبت سے رہنے والوں کی دھرتی پر صرف پیپلز پارٹی کے جیالوں کا ہی حق نہیں ہے، ایسے حالات میں جب دنیا بھر میں اقلیتوں کے حوالے سے پاکستان کاریکارڈ کافی تشویشناک ہے اسپیکر قومی اسمبلی و چیئرمین کمیٹی برائے استحقاق کے ایکشن لینے سے عالمی برادری کو مثبت پیغام جائے گا اور ملک بھر میں بسنے والی اقلیتوں کو احساسِ تحفظ ملے گا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کوحملے کی ویڈیو کلپ اور ایف آئی آر کی کاپیاں بھی فراہم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حملے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے ناانصافی، ظلم اورلاقانونیت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی،ڈاکٹر رمیش نے کہا کہ ان کے ساتھیوں پر درج جھوٹی ایف آئی آروں کا حساب بھی دینا ہوگا