لاہور(نیوز ڈیسک) معمولی سی غفلت کہیں یا بدانتظامیہ لیکن لاہور کے گنجان آباد علاقے بادامی باغ کے ڈیڑھ سو سے زائد افراد چند لمحوں میں ہی موت کے منہ تک پہنچ گئے ۔ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے بادامی باغ کے رہائشی علاقے کے مکینوں کو اس وقت اپنی موت سامنے دکھائی دی جب اچانک فضاءکسی نامعلوم بو سے بوجھل ہوگئی ۔ جلد ہی مکینوں کومعلوم ہوگیا کہ قریب واقعہ کولڈ اسٹوریج میں ایمونیا گیس لیک ہوئی ہے جس نے خواتین اور بچوں سمیت ڈیڑھ سو کے قریب افراد کو ہوش وحواس سے بیگانہ کر دیا ۔ امدادی اداروں اور مقامی افراد کے مطابق ایمونیا گیس سلینڈر لیک ہونے سے یہ واقعہ پیش آیاتھا ، مقامی انتظامیہ نے واقعہ کے فورا بعد کولڈ اسٹوریج کو سیل کردیا ۔متاثرہ افراد کو فوری طور پر میو اور گنگا رام اسپتالوں میں منتقل کردیاگیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ مقامی افراد کی جانب سے فیکٹری انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیاگیا جس کے بعد وزیراعلیٰ کے مشیر خواجہ سلمان رفیق نے طبی مرکز کا خصوصی دورہ کیا ۔