کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب)نے سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف زمینوں پر قبضے غیر قانونی الاٹمنٹ اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ یاد رہے سابق مشیر پٹرولیم پہلے ہی رینجرز کے زیر حراست ہیں اور ان کے ریمانڈ کی 90 روزہ مدت 25 نومبر کومکمل ہورہی ہے ۔ نیب کی جانب سے ڈاکٹر عاصم پر لگائے گئے الزامات میں سرکاری زمینوں پر قبضہ ، غیر قانونی الاٹمنٹ اور منی لانڈرنگ شامل ہے ۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی معاونت کے الزام کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے بھی ڈاکٹر عاصم کیخلاف کیسز تیار کرکے باضابطہ مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق مشیر پٹرولیم پر اپنے اسپتال میں القاعدہ جنگجوﺅں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے الزام میں دہشت گردی کا مقدمہ بھی درج کیاگیا ہے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب کے اس مقدمے کی بنیاد پر ڈاکٹر عاصم کو گرفتار کرکے ان پر لگے الزامات کی تفتیش کی جائیگی ۔