کراچی(نیوزڈیسک) کراچی پولیس نے شہر میں جاری آپریشن کے دوران تمام نوگو ایریاز کا خاتمہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔پیر کو آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی کی زیرصدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سمیت اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی، اجلاس میں سندھ پولیس کی گزشتہ سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور پولیس افسران نے آئی جی سندھ کومحکمہ کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔کراچی پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے باعث کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ عید الفطر پر 80 ارب روپے کا کاروبار ہوا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے شہر سے تمام نو گو ایریاز کو ختم کردیا ہے، گزشتہ ایک برس میں مختلف کارروائیوں میں بم بنانے کی 10 فیکٹریوں کو ختم کیا گیا جب کہ 633 کلو گرام دھماکا خیز مواد اور 64 خودکش جیکٹس کو ناکارہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ 5 آئی ای ڈیز، 917 دستی بم، 54راکٹ، 19ایل ایم جیز، 13جی تھری رائفلز،7 ایم پی فائیو رائفلز اور 599 کلاشنکوف سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔