اوکاڑہ (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے ممبران پنجاب اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے پنجاب سے امیدوار سینٹ ندیم افضل چن کو ووٹ دینے کی مشروط یقین دہانی کروا دی ۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی ہدائت پر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی کے ممبران سے فرداً فرداً رابطہ کیا ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور وٹو نے انہیں ندیم افضل چن کو ووٹ دینے کو کہا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے منظور وٹو کے ساتھ رابطے میں آنے والے ایم پی ایز نے یقین دلایا کہ اگر وہ 5مارچ کو پنجاب اسمبلی گئے تو وہ ندیم افضل چن کو ووٹ دین گے۔اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے پی ٹی آئی کے ممبران پنجاب اسمبلی کی اس مبینہ یقین دہانی کی تصدیق کی۔منظور وٹو نے یہ بھی بتایا کہ ندیم افضل چن کو ق لیگ کے تمام ممبران پنجاباسمبلی ووٹ دین گے۔جبکہ منظور وٹو کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ اگرچہ جماعت اسلامی نے ابھی تک پنجاب اسمبلی کے اپنے واحد ووٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم قوی امید ہے کہ پنجاب اسمبلی میں سید وسیم اختر کا ووٹ ندیم افضل چن کو ہی ملے گا۔