لاہور(نیوزڈیسک) قطر حکومت کی طرف سے تحفہ ملنے والی دھند سے بچاﺅ کی لائٹس کی لاہور ائرپورٹ پر تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا، وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے افتتاح کی تاریخ ملنے کے بعد باقاعدہ استعمال شروع کیا جائے گا۔ لاہور ائرپورٹ کے مینیجر حاجی ارشد کے مطابق قطر حکومت نے آئی ایل ایس کیٹگری تھری کی انتہائی مہنگی لائٹس جو کہ شدید دھند کے موسم میں پروازوں کو متاثر نہ ہونے کیلئے استعمال میں لائی جاتی ہیں کا تحفہ پاکستانی عوام کے لیئے بھیجا تھا ۔ان آئی ایل ایس لائٹس کی تنصیب کا کام لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے پر مکمل کرلیا گیا ہے ۔حاجی ارشد کا کہنا تھاکہ یہ لائٹس ایشیا ءمیں صرف دہلی ائیرپورٹ پر نصب ہیں جن کی تنصیب کا کام دس سال قبل دہلی ائرپورٹ پر کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ رن وے پر ان لائٹس کی تنصیب کے بعد رواں سال دھند کے باعث پروازں کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا ۔اس حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے افتتاح کی تاریخ ملنے کے بعد ان لائٹس کا باقاعدہ استعمال شروع کر دیا جائے گا ۔