اسلام آباد(نیوزڈیسک)عام آدمی پارٹی نے عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ دوسری پارٹیوں کے برعکس عام آدمی پارٹی پاکستان کے اپنے تربیت یافتہ کیڈر میں سے ہی لوگوں کو پارٹی قیادت کے طور پر سامنے لایا جائےگا۔ پیر کو عام آدمی پارٹی پاکستان کے چیئرمین عدنان رندھاوا نے وضاحتی بیان میں کہا کہ ریحام خان سمیت کسی بھی سیلیبریٹی، روایتی سیاستدان یا بڑے ناموں کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینا عام آدمی پارٹی پاکستان کی پالیسی نہیں عام آدمی پارٹی پاکستان، عام آدمی کے سیاسی، معاشی، معاشرتی حقوق کو تحفظ دینے کیلئے وجود میں آئی ہے جو اپنے مخلص کارکنوں کو تنظیمی اور سیاسی تربیت دے کر ایک کیڈر کی شکل دینے میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کے برعکس عام آدمی پارٹی پاکستان کے اپنے تربیت یافتہ کیڈر میں سے ہی لوگوں کو پارٹی قیادت کے طور پر سامنے لایا جائے گا۔ ریحام خان اور عمران خان کے شادی اور طلاق دو شخصیات کا ذاتی معاملہ ہے اور عام آدمی پارٹی پاکستان دونوں شخصیات کی ذاتی زندگی کا احترام کرتے ہوئے کسی قسم کی سیاسی پوائنٹ سکورنگ یا سستی شہرت سے مکمل اجتناب کی پالیسی پر گامزن ہے۔