مستونگ(آ ن لائن) مستونگ کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر دھماکے سے4 افراد جاں بحق اور6 زخمی ہو گئے،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرلئے گئے لاشوں اورزخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس صبح 9 بجے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئی تو مستونگ کے قریب دشت میں ایک دہشت گرد ریلوے ٹریک پر دھماکا خیز مواد نصب کر رہا تھا جو پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 6زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد امدادی ٹیمیں اور سکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا زخمیوں کوطبی امداد دی جارہی ہے ۔لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے دہشت گرد بھی زخمی ہوا تاہم وہ زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دھماکے سے ریلوے ٹریک کو بھی نقصان پہنچا جس کے بعد جعفر ایکسپریس کو روک لیا گیا۔ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد تخریب کاروں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے