نیویارک(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کی بعض مصروفیات میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ قابل اعتمادذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا دو روزہ دورہ شکاگو منسوخ کیا جا چکا ہے جس سے پاکستانی کمیونٹی میں مایوسی پھیل گئی ہے۔جنگ رپورٹر عظیم ایم میاں کے مطابق وزیر اعظم نے امریکہ کی بڑی بڑی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کے علاوہ امریکی تھنک ٹینک گلوبل افیرز کونسل اور پاکستانی کمیونٹی سے خطاب بھی کرنا تھا۔ ایک عرصہ سے شکاگو اور لاہور کو سرکاری طور پر جڑواں شہر کا درجہ حاصل ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے 19اکتوبر کو شکاگو پہنچنا تھا جہاں ریاست کے گورنر نے ائیر پورٹ پر خیر مقدم کرنا تھا اسی رات شکاگو کے مئیر اور صدر اوباما کے سیاسی دست راست اور وائٹ ہاﺅس کا اہم ترین عہدہ چھوڑ کر شکاگو کے مئیر منتخب ہونیوالے رحم ایما نیول نے وزیر اعظم کے اعزاز میں ڈنردینا تھا جس میں 25سے ممتاز امریکی کمپنیوں کے سربراہوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں شکاگو لاہور ”جڑواں سٹی“ کے بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر طارق بٹ کے مطابق مزید125 اہم امریکی کمپنیوں جس میں بوئنگ،کارٹر پلر، ایبٹ اور دیگر ممتاز کمپنیوں کے سربراہوں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی پروگرام کا حصہ تھیں۔ شکاگواردگرد نواح کی ریاستوں میں آباد پاکستانی کمونٹی سے وزیر اعظم کے خطاب کے پروگرام نے پاکستانی کمیونٹی میں بڑا اشتیاق پیدا کررکھا تھا کیونکہ اکثر پاکستانی سربراہاں حکومت نیویارک اور واشنگٹن تک ہی اپنے دورے محدود رکھتے ہیں پروگرام کی تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے19اور 20اکتوبر کو شکاگو میں قیام اور ان مصروفیات کے بعد 21اکتوبر کو شکاگو سے واشنگٹن جاکر 22اکتوبر کو صدر اوباما سے ملاقات اور دیگر مصروفیات میں شریک ہونا تھا اور 23اکتوبر کی رات واشنگٹن سے واطن واپسی کا پروگرام تھا۔ وزیر اعظم کی شکاگو آمد کے سلسلے میں ان کی مصروفیات ،پروگرام ور سیکورٹی کے تمام انتظامات تقریباً مکمل ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم کے دورہ شکاگو کے دوران بزنس اینڈ انوسٹمنٹ فورم کے ایک اجتماع کا انتظام بھی کیا گیا تھا جس میں 137ممتاز امریکی کمپنیوں کے عہدیداراپنی شرکت کنفرم کرچکے تھے۔ شکاگو سٹی کی انتظامیہ میں نمایاں پوزیشن پر ایک عرصہ سے فائز اور ” شکاگو۔لاہورجڑواں سٹی“ بورڈ کے سربراہ طارق بٹ نے وزیر اعظم کے دورہ شکاگو کے سلسلےمیں بڑی محنت سے کام کرکے امریکی سیاسی اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں اور مصروفیات کو حتمی شکل دی تھی۔ ڈاکٹر طارق بٹ نے وزیر اعظم کے دورہ شکاگو کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے بڑی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔