لاہور(نیوزڈیسک) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اندر کی سیاست انتہائی خوفناک ہے ،عمران خان کی باتوں میں اب وزن نہیں رہا ، پارٹی میں تبدیلی والی بات نہ ہونے سے کارکن بھی مایوس ہیں ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ فیوڈلز اور وسائل کا نام تحریک انصاف ہے اور اسی لیے پارٹی میں تبدیلی کی بات ہی نہیں رہی جس کی وجہ سے ورکرز مسلسل نظر انداز ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر کی سیاست انتہائی خوفناک ہے جس کا قوم کو پتہ چل جائے تو وہ بھی ڈر جائے تاہم شاہ محمود قریشی کا لاہور جلسہ میں نہ پہنچنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان ذاتی طور پر گھر چکے ہیں جس کی وجہ سے ان کی باتوں میں وزن نہیں رہا اور اسی لئے پارٹی میں تبدیلی والی بات نہ ہونے سے کارکن بھی مایوس ہیں۔