لاہور (نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم نے الطاف حسین کی تقاریر نشر کرنے کی پابندی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں نظرِ ثانی کی درخواست دائر کردی۔ ایم کیو ایم نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ الطاف حسین کے حوالے سے 7ستمبر کے عدالتی احکامات نہیں ملے لہٰذا کیس کی دوبارہ سماعت کی جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الطاف حسین بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیںاور ان کی تقاریر پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ الطاف حسین اپنی تقاریر میں کوئی منافرت نہیں پھیلاتے اور نہ ہی لوگوں کو فوج کے خلاف اکسانے میں ملوث ہیں، الطاف حسین کیخلاف سنایا جانے والا فیصلہ یکطرفہ ہے اس لیے عدالت سے اپنے فیصلے پر نظرِثانی کی استدعا ہے اور امید ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا۔ ایم کیو ایم کی درخواست کی پیروی عاصمہ جہانگیر اور خالد رانجھا ایڈووکیٹ کررہے ہیں۔ عدالت نے درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے کارروائی کل تک ملتوی کردی ہے