لاہور (نیوزڈیسک )بدلتاہے رنگ آسمان کیسے کیسے۔ بلدیاتی انتخابات میں جیت کے لئے پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف نے ہاتھ ملالیا۔ سات اپوزیشن جماعتوں نے ملکر بلدیاتی انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا ، اپوزیشن جماعتوں کی تمام تنظیموں کو بلدیاتی انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہدایات۔ لاہور میں میاں منظور وٹو کی رہائش گاہ پر ہونے والے سات اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں ملکر بلدیاتی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف، جماعت اسلامی ، عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل ، جمیعت علما اسلام پاکستان اور مجلس وحدت المسلمین بلدیاتی انتخابات میں تعاون کریں گے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساتوں اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے ترقیاتی فنڈز کا اجرا پری پول رگنگ ہے۔ لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو پر زور دیا جبکہ چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف احتساب بلا تفریق کیا جائے۔