کراچی(نیوزڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے افسروں کو انٹرنیٹ کے ذریعے دھمکیاں دینے اور بلیک میل کرنے والے واٹر بورڈ کے افسر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ایف آئی اے نے واٹر بورڈ کے بلیک میلر افسر حسن اعجاز کاظمی کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حسن اعجاز کاظمی پروموشن سکروٹنی کمیٹی میں موجود افسروں کو خفیہ ای میلز کے ذریعے بلیک میل کر تارہا ہے۔ ان پر دھابے جی پمپنگ سٹیشن کی اپ گریڈیشن پروجیکٹ میں سنگین بے قاعدگیوں اور کرپشن کے بھی الزامات ہیں۔حسن اعجاز کاظمی نے کچھ عرصے قبل بھی واٹر بورڈ کے ایک اعلی افسر کو ای میل کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں جس پر ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ انہیں ان کی درخواست پر اس ضمانت کے ساتھ رہائی ملی تھی کہ وہ آئندہ ایسی کوئی حرکت نہیں کرینگے مگر حسن اعجاز کاظمی کی جانب سے اب بھی اعلی افسروں کو بلیک میل کرنے اور دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے۔