گوجرانوالا(نیوزڈیسک) گوجرانوالا میں ضمنی انتخابات کے بعد تحریک انصاف اورمسلم لیگ(ق) دونوں جماعتوں کے درمیان اس بات پرتنازعہ کھڑاہوگیاہے کہ دونوں جماعتیں جیتنے والے امیدوارکواپناامیدوارقراردے رہی ہیں۔گوجرانوالا کے حلقہ پی پی 97 کے تینتیس پولنگ سٹیشنز میں ری پولنگ کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ناصر چیمہ کامیاب قرار پائے ہیں۔ دلچسپ صورتِ حال اس وقت سامنے آئی جب مسلم لیگ (ق) نے دعویٰ کر دیا کہ ناصر خان پی ٹی آئی کے امیدوار نہیں ہیں۔ انہوں نے سائیکل کے نشان پر الیکشن لڑا ہے۔ وہ جس پارٹی کے نشان پر لڑے ہیں اسی کے ممبر صوبائی اسمبلی قرار پائیں گے۔ (ق) لیگ کے حلقوں کا دعویٰ ہے کہ یہ فتح پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ مسلم لیگ (ق) کی ہے۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ ناصر چیمہ پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں۔ وہ مجبوری کے باعث سائیکل کے نشان پر الیکشن لڑے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ایک کامیاب امیدوار پر دو پارٹیوں کے دعوے سے کوئی قانونی پیچیدگی پیدا ہو گی یا نہیں۔۔