اسلام آباد (نیوزڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی نیا ٹیکس لگانا مقصود ہو تو حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے، رکاوٹ نہیں بنیں گے ¾خشک دودھ، آلو، ٹماٹر اور اجناس پر ڈیوٹی لگا دیں تو مقامی پیداوار کو سپورٹ ملے گی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بڑی تیاری کر کے آئے ہیں، ہم ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے، وفاقی سیکرٹریوں کو ایک پلاٹ کی اجازت تھی، اب انہیں دو پلاٹوں کی اجازت دیدی گئی ہے، پارلیمنٹیرینز کی بات آئے تو شور مچ جاتا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بات تھی، ہم نے اپنے دور میں یہ تنخواہیں 50 فیصد تک بڑھائیں، بجٹ سے عوام کو بڑی توقعات تھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئی بھی نیا ٹیکس لگانا ہو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، ہم رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خشک دودھ، آلو، ٹماٹر اور اجناس پر ڈیوٹی لگا دیں تو مقامی پیداوار کو سپورٹ ملے گی۔