لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ( جمعہ ) تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو دلائل کے لئے طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز جسٹس عبدالسمیع خان نے کیس کی سماعت کی ۔ ماڈل ایان علی کے وکیل اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ایان علی کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ۔ ایان علی کو جس وقت حراست میں لیا گیا ان کی بورڈنگ کا عمل مکمل نہیں ہوا تھا اور نہ ہی ان کے پاسپورٹ پر ایگزٹ کی مہر لگی تھی جس کے باعث وہ مسافر کی تعریف میں نہیں آتیں اور نہ ہی ان پر اسمگلنگ کا الزام عائد کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن اسکے باوجود کسٹم حکام نے غیر قانونی طور پر ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا بے بنیاد مقدمہ درج کرا دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج ( جمعہ ) تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو دلائل کے لئے طلب کر لیا ۔