اسلام آباد(نیوزڈیسک )ملک بھر میں رمضان اور عید ایک ساتھ منانے کیلئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے چاروں صوبائی حکومتوں اور علمائے کرام سے مشاورت شروع کردی ہے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے ملک بھر میں رمضان اور عید ایک ساتھ منانے کے لئے خیبر پختونخوا کے وزیر اوقاف حاجی حبیب الرحمان سمیت چاروں صوبائی حکومتوں اور علمائے کرام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا کہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں رمضان اور عید ایک ساتھ منانے کے حوالے سے تمام مسالک کے علماءکا جلد اجلاس بلایا جائے گا اور ان سے تجاویز طلب کی جائیں گی۔سردار یوسف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تمام مسالک کے علمائے کرام سے بھی مشاورت کی جائے گی جب کہ مسجد قاسم خان کے مہتمم سے بھی رابطہ کر کے ان سے مشاورت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان اور عید ایک ساتھ منانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔