اسلام آباد (سپیشل رپورٹ)وفاقی وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ القاعدہ نے جنوبی پنجاب کے وفاقی اور صوبائی وزرا ءسمیت اہم شخصیات پر حملوں کی منصوبہ بندی کرلی ہے،وزرات داخلہ نے اس بارے پنجاب حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق القاعدہ نے جنوبی پنجاب کے وفاقی اور صوبائی وزرا ءسمیت اہم شخصیات پر حملوں کی منصوبہ بندی کرلی ہے اور القاعدہ جنوبی پنجاب ، ملتان اور فیصل آبادسے تعلق رکھنے والے وزراءاور اہم شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتی ہے اس حوالے سے انہوں نے کالعدم تنظیموں اور ان کے مدد گاروں کی خدمات لی ہیں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزراءاور اہم شخصیات پر ان کے علاقوں ، گھروں ، دفاتر یا گاڑیوں پر حملے کئے جاسکتے ہیں پنجاب حکومت نے وزرات داخلہ کے خط کے بعد صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی ، تمام ایس ایس پیز کو آئی جی پنجاب کی جانب سےسکیورٹی کے خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ اس رپورٹ کی روشنی میں خفیہ اداروں نے القاعدہ کے پنجاب کے مختلف علاقوں میں موجود دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف انٹیلی جنس آپریشنز بھی جاری رکھا ہے۔