اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹرپرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی کے حوالے سے وزیر اعظم نے مکھی کا لفظ محاورے کے طور پر استعمال کیا تھا۔وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے مکھی کا لفظ معمولی نقصان کی تشبیہہ کے طور پر استعمال کیا تھا لیکن ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ان کے دیگر رہنماءغلطی کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو شہد کی مکھی سمجھتے ہیں جس میں سے شہد نکلتا ہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ شہد کی مکھی مٹھاس پیدا کرتی ہے اور مسلم لیگ ن کے نزدیک الطاف حسین وہی مٹھاس پیدا کرنے والی مکھی ہیں۔آل پاکستان پرائیوٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جو علم جاننے کے عمل کو نہ سکھا سکے وہ جہالت کہلاتا ہے اس لیے ضرورت ہے کہ بچوں کی سوچ کو آزاد کروایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن حلقوں میں فارم 15 دستیاب نہیں ہے وہاں 28 فیصد فارم ن لیگ کے ہیں جبکہ 44 فیصد تحریک انصاف کے فارم غائب ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جن کے زیادہ فارم غائب ہیں وہ بڑے مجرم ہیں اس لیے پہلے ان کا احتساب ہونا چاہیئے۔