کراچی(نیوزڈیسک)ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے وزیراعظم نوازشریف اورپیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ آئیے ہم جمہوریت کے لئے آپس میں دوستی کرلیں اور پاکستان سے جمہوریت کے خاتمہ کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب کے دوران الطاف حسین کا کہنا تھا کہ میں نے کل بھی اپنے خطاب میں کہاتھااورآج پھرکہتا ہوں کہ نوازشریف صاحب آئیے، آپ، زرداری صاحب اور ہم جمہوریت کی خاطر ہاتھ ملائیں۔ اگر ہم مل جائیں تو دیکھتے ہیں کہ کون ملک سے جمہوریت کا بستر گول کرتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدرآصف زرداری کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کونسا پاکستان چاہتے ہیں؟ آپ جمہوری پاکستان چاہتے ہیں یا فوجی پاکستان چاہتے ہیں ؟ اگر ہم آپس میں متحد ہوجائیں تو کوئی بھی جمہوریت کاخاتمہ نہیں کرسکے گا۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اوردیگرسیاسی جماعتوں کے رہنماوں، منتخب نمائندوں اور کارکنوں سے بھی کہاکہ وہ ٹی وی ٹاک شوزمیں ایک دوسرے کے خلاف نہ بولیں اورایک دوسرے پر الزامات نہ لگائیں