اسلام آباد (نیوزڈیسک ) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر اپنے موبائل فون اور ٹیب ہمراہ نہ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ (آج)منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر صبح ساڑھے آٹھ بجے گیٹ نمبر 1 سے داخلہ بند کر دیا جائے گا ۔ اراکین پارلیمنٹ کے لئے پارلیمنٹ لاجز اور ایم این اے ہاسٹل سے خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی۔ پیر کو اجلاس کے دور ان اسپیکر نے اراکین کو آگاہ کیا کہ پارلیمنٹ ہاوس کا گیٹ نمبر 1 صبح ساڑھے آٹھ بجے بند کر دیا جائے گا تاہم کابینہ سیکریٹریٹ کا گیٹ کھلا رہے گا۔ انہوں نے اراکین سے کہا کہ وہ 9 بجے تک ایوان میں پہنچ جائیں تاکہ ایوان کی کارروائی بروقت شروع کرائی جا سکے۔ انہوں نے اراکین سے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر اپنے موبائل فون اور ٹیب ہمراہ نہ لائیں۔