کراچی (نیوز ڈیسک)محکمہ داخلہ سندھ نے دفعہ 144 نافذ کرکے کراچی کے ریڈ زون میں جلسوں اور جلوسوں پر 90 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔یہ پابندی سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب کی دوران حراست ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے احتجاج کے بعد عائد کی گئی ہے۔ طارق محبوب کی ہلاکت کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے ممکنہ احتجاجی دھرنے کوروکنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ نے اتوار کو وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے والے تمام راستوں کو پورا دن بند رکھا۔ ریڈ زون میں تمام اہم سرکاری وغیر سرکاری رہائشی عمارتیں اوردفاتر واقع ہیں جن میں وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس، سندھ اسمبلی، فائیواسٹار ہوٹلز، باتھ ا ئی لینڈ، کلفٹن اور ڈیفنس کے وہ علاقے جہاں غیرملکی قونصل خانے اور سفارت کاروں کی رہائش گاہیں اور دیگر اہم تنصیبات شامل ہیں۔