کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں میں بہت برداشت ہے جو الطاف حسین کی لمبی تقریریں سن لیتے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی میں پہلی مرتبہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پوری تقریر سنی، کراچی کے شہریوں میں بہت برداشت ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی لمبی لمبی تقریریں سن لیتے ہیں، انہیں تو گزشتہ روز تقریر سن کر بھوک لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کی موجودگی سے بہت فرق پڑے گا، میچ کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کون جیتا اور کس کے ہاتھ شکست آئی، الطاف حسین کو پولنگ سے پہلے ہی کیسے نتیجے کا علم ہو گیا ایسا تو میچ فکسنگ میں ہوتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں شفاف الیکشن ہوں اور حقیقی عوامی نمائندے اسمبلیوں میں آئیں، 2013 کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی جس کے خلاف تحریک انصاف اکیلی سڑکوں پر آئی لیکن جوڈیشل کمیشن کے سامنے 21 سیاسی جماعتوں نے دھاندلی سے متعلق شواہد پیش کئے۔