لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے سالانہ پورٹ جاری کر دی گئی۔ لاہور سے جاری ہونے والی 2014 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں 70 لاکھ 93 ہزار مقدمات زیر التواءہیں جبکہ 32 جیلوں میں 49560 قیدی موجود ہیں۔ ان میں سے 32514 قیدیوں کے مقدمات زیر سماعت جبکہ سزا یافتہ صرف 17046 قیدی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی جیلوں میں 1126 نابالغ بچے قید ہیں جن میں سے 764 بچے پنجاب، 313 سندھ اور گلگت بلتستان کی جیلوں میں تین بچے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سال 2014 میں ملک میں 26 حملے خود کش دھماکے ہوئے جبکہ فرقہ ورانہ تشدد سے 210 افراد جاں بحق ہو گئے۔ عدالتوں نے 231 افراد کو سزائے موت سنائی۔ رپورٹ میں میڈیا کے حوالے سے پاکستان دنیا کا سب سے خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے۔ سال 2014 میں میڈیا سے وابستہ 14 صحافی اور کیمرہ مین جاں بحق ہوئے۔۔