سوات(نیوزڈیسک) پاک فوج صرف دہشت گردوں کی سرکوبی میں ہی مہارت نہیں رکھتی بلکہ فلاحی کاموں میں بھی اس کا کوئی ثانی نہیں ہے اور اسی جذبہ حب الوطنی کے تحت وادی سوات کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لئے آرمی کی جانب سے مفت بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔پاک فوج کے لیفٹیننٹ کر نل احمد بلال عثما نی نے بتایا کہ زلزال یونٹ نے سوات میں مٹہ کے علاقے چپریال میں 8 پن بجلی گھر بنائے ہیں جس کی مدد سے ڈیڑھ سے 2 لاکھ شہریوں کو 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی کی مفت فراہمی کی جاتی ہے۔ پن بجلی گھروں سے 3 سو گھروں اور 2 سو سے زائد دکانوں بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ چپریال کے علاوہ پاک فوج نے شدت پسندی سے سب سے زیا دہ متا ثرہ علا قے گٹ پیوچارمیں بھی 2 پن بجلی گھر بنا ئے ہیں۔ بجلی کی فراہمی کے عوض صرف 150 روپے ماہانہ مینٹینس چارجز کے طور پر وصول کئے جاتے ہیں۔پاک فوج نے چشموں اور دریا کے پانی کو بہت ہی پروفیشنل طریقے سے ٹربائنز کی طرف موڑا ہے جس سے پانی کے پریشر سے بجلی پیدا ہوتی ہے اور ان کی خوبصورتی بھی دیکھنے کے لائق ہے۔ یہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس صرف 8 ماہ کی قلیل مدت میں قائم کئے ہیں اور ان کی لاگت پر تقریبا 65 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔