اسلام آباد ( نیوزڈیسک ) چینی صدر زی جن پنگ 20 اور 21 اپریل کو پاکستان کے دورہ پر آ رہے ہیں اور اس حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر کی سیکورٹی کی نگرانی براہ راست فوج کرے گی۔اس کے علاوہ سیکورٹی کی ذمہ داری پاکستان آرمی سمیت رینجرز ، انٹیلی جنس اور پولیس کے پاس ہو گی۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ صدر زی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں ریڈ الرٹ جاری کیا جائے گا اور گاڑیوں کی آمد و رفت پر بھی ہائی الرٹ ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر علاقہ کو سیل بھی کیا جائے گا اور سیکورٹی کے پیش نظر علاقہ کی فضائی نگرانی بھی کی جا سکتی ہے۔