اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید آئندہ دنوں میں بانی تحریک انصاف عمران خان کے خلاف بیان دینے والے ہیں۔جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے متعلق مقدمات میں سابق وزیراعظم کے لیے قانونی صورتحال سخت ہوتی جارہی ہے اور فیض حمید نہ صرف گواہی دیں گے بلکہ اہم شواہد بھی سامنے لائیں گے۔فیصل واوڈا کے مطابق قانون کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور فیض حمید کو دی گئی 14 سال قید کی سزا میں کسی قسم کی کمی کا امکان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات سے متعلق اہم معلومات دینا فیض حمید کی ذمہ داری تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی غفلت ضرور تھی لیکن صورتحال واضح ہونے کے بعد وہ بری الذمہ قرار دے دیے گئے، اسی لیے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ واوڈا کے مطابق اب احتساب کا پہلا مرحلہ تحریک انصاف اور اس کی اعلیٰ قیادت کے گرد سمٹ رہا ہے۔واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی ہے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت ہونے والی یہ کارروائی تقریباً 15 ماہ تک جاری رہی۔ ملزم پر چار سنگین الزامات عائد کیے گئے جن میں سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت، ریاستی مفادات کو نقصان پہنچانے والی معلومات کے افشا کا معاملہ، اختیارات کے غلط استعمال اور مخصوص افراد کو غیر قانونی نقصان پہنچانا شامل ہیں۔















































