اسلام آباد(این این آئی)سعودی عرب نے پاکستان میں ریکوڈیک کان کنی کے منصوبے کے 15 فیصد حصے خریدنے کی پیش کش کر دی ۔میڈیارپورٹ کے مطابق سعودی عرب کان کنی کے علاقے کے اطراف انفرا اسٹرکچر کی تعمیر میں خاطر خواہ گرانٹ دے گا۔ یہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پہلا سرمایہ کاری کا منصوبہ ہو گا۔ اس پیشکش میں 15 فیصد حصص خرید نے اور انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کیلئے گرانٹ شامل ہے۔
ان مباحثوں میں شریک حکومتی افراد نے بتایا کہ اس پیش کش کے جواب میں پاکستان نے ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو سعودی پیش کش کا جائزہ لے گی اور مذاکرات کے بعد حتمی قیمت کی سفارش کر کے وفاقی کابینہ کو منظوری کیلئے بھیجے گی۔سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے منارہ منرلز کے ذریعے سے 15 فیصد حصص خریدنے کی پیشکش کی ہے۔ اس وقت وفاقی حکومت کے پاس ریکوڈیک مائننگ پروجیکٹ کے 25 فیصد حصص ہیں۔
حکومت اپنے انہی حصص میں سے 15 فیصد سعودی عرب کو فروخت کر دے گی۔ پٹرولیم ڈویژن کے ایک عہدیدار نے کہاکہ معاہدہ طے پا گیا تو یہ پاکستان سعودی عرب کے معاشی تعلقات کو مضبوط کر دے گا اور علاقے میں لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔