اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا، جلسہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا، عمران خان کی ہدایت پر آج ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔اعظم سواتی نے اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، اعظم سواتی نے مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی انتشار سے بچنے کیلئے جلسہ ملتوی کر دیا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا، 8 ستمبر کے جلسے سے متعلق پہلے ہی نوٹیفائی ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ترنول میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کیلئے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیئے گئے تھے۔دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت دے دی۔