اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کردیا ہے۔
ریڈ زون کو سیل کرنے کے لیے اسلام آباد کے نادرا چوک، سرینا چوک، ایکس پریس چوک پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔ پولیس کے مطابق دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔ذرائع کے مطابق ڈی چوک پر جماعت اسلامی کا دھرنا روکنے کے لیے انتظامیہ نے حکمت عملی مرتب کرلی، پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔احتجاج کے پیش نظر میٹروبس سروس بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی، میٹروبس سروس صدر اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک مکمل بند کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹروبس سروس بند کی گئی ہے۔