اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر طیب اردوان نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں اور نہتے فلسطینیوں پراسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت ر وکنے کیلئے اقوام متحدہ میں ملکر کام کر نے کا عزم کیا ہے ۔بدھ کو وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک
رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ۔دونوں رہنمائوں نے مسجد اقصیٰ پراسرائیل کے بہیمانہ حملے پر تبادلہ خیال کیا ۔ ترک صدر اور وزیر اعظم عمران خان نے غزہ پر انسانی اقداراور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی پر بھی گفتگو کی ۔ رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں وزرائے خارجہ فلسطین کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین علاقائی سلامتی کی صورتحال بھی زیربحث آئی۔ ترکی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ذمہ دارانہ انخلا کی اہمیت پر زور دیا اور مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے سیاسی حل کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین اعلی سطح کے تبادلے کی رفتار جاری رہے گی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد بھی دی ۔