لاہور ( آن لائن )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ پاکستان میں میڈیا کے لوگ بغیر کسی تصدیق کے سنگین الزام کی بوچھاڑ کر دیتے ہیں۔ اگر میرے
خلاف کسی نے غلط خبر لگائی تو پاکستانی اور برطانوی عدالتوں میں کیس کردوں گا۔لاہور پریس کلب کی نو منتخب باڈی کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میرے نزدیک عزت دولت اور اقتدار سے زیادہ اہم ہے، میرے خلاف بغیر تصدیق خبر لگائی گئی تو ذمہ دار رپورٹر نہیں ایڈیٹر ہو گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا میں دانستہ اور غیر دانستہ غلطیاں ہوتی ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، میڈیا کو ریاست کا ایسا ستون بنائیں گے جو قومی مفاد کی نگہبانی کرے۔اپنے خطاب میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ کوئی مزاحیہ اداکار صحافی نہیں ہوتا، صحافی کو اپنی ذمہ داری کا بھرپور خیال ہوتا ہے، ہمارے لیے تمام سیاستدان قابل احترام ہیں۔