اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی بہن کوثر اپنی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت کو لے کر دو سے تین روز میں لندن سے پاکستان روانہ ہوں گی۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم کی والدہ کا ڈیتھ سرٹیفکٹ اور دوسری دستاویزات مکمل کرنے میں دو سے تین دن کا وقت لگ جائے گا جس کے بعد ان کی میت تدفین کے لیے لاہورروانہ کی جائے گی۔لاہور روانگی سے قبل مرحومہ شمیم اختر کی نماز جنازہ مرکزی لندن کی ریجنٹ اسلامک سینٹر میں بھی ادا کی جائے گی جہاں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور خاندان کے دیگر قریبی مرد حضرات شرکت کریں گے۔یاد رہے کہ بیگم شمیم اختر کا گزشتہ روز لندن میں انتقال ہو گیا تھا، صدر، وزیر اعظم، آرمی چیف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کیاہے۔