لاہور ( اے پی پی) احتساب بیورو نے مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے بے نامی اثاثوں کی مالیت ظاہر کردی۔ لاہور کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزی رپورٹ میں بتایا گیا
ہے کہ شہباز شریف کے بے نامی اثاثوں کی مالیت 7 ارب 5 کروڑ 87 لاکھ ہے، شہباز شریف کی ظاہر شدہ اثاثوں کی مالیت 26 کروڑ 93 لاکھ 1 ہزار روپے ہیں,نیب دستاویزات کے مطابق شہباز شریف کے بے نامی داروں میں فیملی اراکین، 3 کمپنیاں، خفیہ بنک اکائونٹس اور شئیرز شامل ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ بے نامی کمپنی یونی ٹاس اور گڈ نیچر کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 88 کروڑ 48 لاکھ 17 ہزار ہے، بے نامی کمپنی نثار ٹریڈنگ کے اثاثوں کی مالیت 51 کروڑ 52 لاکھ 71 ہزار ہے، نیب دستاویزات میں نشاندھی کی گئی ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے غیر ظاہر شدہ بینکوں میں 27 کروڑ 13 لاکھ 39 ہزار کے شواہد ملے ہیں، شہباز شریف کے شئیرز کی مالیت 1 ارب 20 کروڑ اور 60 لاکھ ہے۔جبکہ شریف فیملی کے بے نامی دار اراکین کے اثاثوں کی مالیت 3 ارب 18 کروڑ 13 لاکھ 55 ہزار ہے۔نیب رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے بے نامی داروں میں نصرت شہباز، سلمان شہباز، حمزہ شہباز، رابعہ عمران اور جوریہ علی شامل ہیں۔
احتساب عدالت لاہور نے مسلم لیگ ن کے صدر، و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف انکے اہل خانہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پرکارروائی 29 ستمبر کو ہوگی۔۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن ریفرنس پر سماعت کرینگے۔