اسلام آباد( آن لائن ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی ادارے کھولے جانے کے تیسرے روز 22 تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا ہے، مذکورہ تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کی وبا پھیل گئی تھی
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کرونا وائرس کے باعث ملک میں 22 تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے، ادارے 48 گھنٹے میں ایس او پیز اختیار نہ کرنے پر بند کیے گئے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر کرونا وائرس وبا تعلیمی اداروں میں پھیلی۔کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ 16 تعلیمی ادارے خیبر پختونخواہ میں بند کیے گئے، آزاد کشمیر میں 5 اور اسلام آباد میں 1 ادارہ بند کیا گیا۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔