اسلام آباد(آن لائن) حکومت کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی حکومت سے الگ ہو سکتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ہم سے کسی معاملے پرمشاورت ہی نہیں کی جاتی، عین ممکن ہے ہم کہیں کہ تحریک انصاف کی غلطیوں سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے اور اس لئے ہم حکومت سے الگ ہو رہے ہیں۔
ہم سے کسی معاملے پر مشاورت نہیں کی جاتی، حکومت اپنی غلطیوں کا خود نقصان اٹھائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس عشائیہ میں نہیں گئے تو کون سا اتنا بڑا جرم ہو گیا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے لیے اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ق لیگی رہنما طارق بشیرچیمہ نے منسٹرانکلیو میں عین اس وقت پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا جب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے اعزازمیں عشائیہ دیا جا رہا تھا۔طارق بشیرچیمہ کے عشائیے میں دو وفاقی وزرا اور آزاد رکن اسمبلی سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی تھی۔طارق بشیر چیمہ کی رہائش گاہ پر دیے گئے عشائیہ میں ق لیگ کے چودھر مونس الٰہی، چودھری سالک حسین، چودھری حسین الہیٰ، آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی، بلوچستان عوامی پارٹی کی وفاقی وزیر زبیدہ جلال، جی ڈی اے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، خالد مگسی، احسان اللہ ریکی، اسرار ترین اور روبینہ عرفان نے شرکت کی تھی۔