لاہور( این این آئی)احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل ا لرحمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں یکم جون تک توسیع کر دی ۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی تاہم میر شکیل الرحمان کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا ۔
جیل حکام کی جانب سے عدالت میں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر ملزم کو عدالت میں پیش نہ کرنے کی رپورٹ پیش کی گئی ۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کے مبہم جواب پر سختی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون میں ایسی کوئی گنجائش موجود نہیں کہ کوئی عدالتوں پر اپنی مرضی کرے،حکومت کو کیا اختیار حاصل ہے کہ وہ عدالتوں کو کہے کہ کیسز کی کارروائی معطل رہے گی،کیا ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے کہ کیسز کی کارروائی معطل رہے گی۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کہا کہ عدالتوں کو دھوکہ مت دیں، آئی جی جیل خانہ جات کو نہ بلا لیں؟،کس قانون کے تحت قیدیوں کو پیش نہ کرنے کا ایس او پیزبنائے گئے ہیں، کیا یہ آئی جی طے کریں گے کہ کس وکیل کو اپنے موکل سے جیل میں ملاقات کی اجازت ہو گی یا نہیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر قیدیوں کو پیش نہ کرنے سے متعلق مبہم ایس او پیز بنانے پر پراسکیوٹر اور ملزم کے وکیل کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی۔